ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستان کی اشتعال انگیزی کا سخت جواب دیا جائے گا:وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ

پاکستان کی اشتعال انگیزی کا سخت جواب دیا جائے گا:وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ

Mon, 09 Oct 2017 10:59:47    S.O. News Service

بنگلورو،8/اکتوبر(ایس او نیوز) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ہندوستان کو ٹکڑے کرنے کی پاکستان ناکام کوشش کررہا ہے ۔ اسی مقصد سے سرحد پر ہر دن پڑوسی ملک کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی وجہ سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے جوان بلاوجہ گولیاں نہیں چلاتے اور پاکستان کی طرف سے فائرنگ پراس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ شہرکے پیالس گراؤنڈ میں منعقدہ ریاستی سطح کے نویں وشواکرماسمیلن کا افتتاح کرنے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ نے پاکستان کو مزید نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بار بار سرحد پر اشتعال انگیز کارروائیاں ہونے لگی ہیں ۔اس سے قبل اس کا صحیح جواب نہیں دیا جارہاتھا ان کی حکومت نے گزشتہ تین برسوں کے دوران سرحدی حفاظت پر خصوصی توجہ دے رکھی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستان امن وسلامتی کیلئے ہمیشہ پہل کرتا آرہا ہے ۔ لیکن پڑوسی ملک اس میں تعاون کرنے کی بجائے حالات کو بگاڑنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے فوجی جوانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ایک گولی کا برابر جواب دیں۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہر دن ہمارے جوان 4سے 5 دہشت گردوں کو مارگرارہے ہیں ۔ہندوستان کو تکلیف پہنچانے اور ملک کو ٹکڑے کرنے کے مقصد سے پاکستان سرحد پر دہشت گردوں کو سرحد پار روانہ کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان عالمی طاقت بن کر ابھررہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ چین کے ساتھ ڈوکلام مسئلہ حل ہوگیا ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے مزید کہاکہ حالیہ برسوں میں ہندوستان کا وقار عالمی طورپر تبدیل ہوا ہے اور ہندوستان کو ایک طاقتور ملک کے طورپر دیکھا جارہا ہے ،یہ ایک بڑی کامیابی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈوکلام سرحد پر امن کا ماحول دکھائی دے رہا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ 2022 تک ’’نئے ہندوستان کی تعمیر‘‘ ان کا خواب ہے ۔اس کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ہمیں سیاسی طورپر تبدیل کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی ہرایک باشندے کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں ۔ سابقہ حکومتوں کے دور میں ہرسال کوئی نہ کوئی گھپلہ منظر عام پر آتاتھا۔ اس کے برعکس نریندرمودی کی مرکزی حکومت نے گزشتہ 3برس کے انتظامیہ کے دوران ایک بھی گھوٹالہ نہیں کیا ہے ۔ کالادھن اوررشوت خوری کے خاتمے کے لئے نوٹ بندی جیسا اہم قدم اٹھایاتھا جس کی وجہ سے ملک کے عوام مرکزی حکومت کی ستائش کرتے ہوئے اپنا بھرپور تعاون دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو روزگار کے بغیر ملک ترقی نہیں کرپائے گا۔ اسی لئے مرکزی حکومت نے کئی اسکیموں کو جاری کیا ہے۔ اس موقع پر آرٹ آف لیونگ کے شری شری روی شنکر اور دیگر اہم شخصیات کو اعزاز سے نوازاگیا۔ تقریب میں ننجنڈا سوامی مرکزی وزراء اننت کمار، سدانندا گوڈا، ایڈی یورپا اورپارٹی کے دیگر لیڈران موجود تھے ۔


Share: